 
محمد سلمان
پشاور کے شہریوں کی سہولت کے لیے پشاور پولیس کے نئے اقدام، اب عوام کو مختلف کاموں کے لیے تھانوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ پشاور رنگ روڈ پر ایک ایسا سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں تمام خدمات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گی۔
صوبائی پولیس سربراہ ذوالفقار حمید نے رنگ روڈ ایچ بی کے ایرینا میں پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ یہ مرکز دراصل ایک ڈیسک پر مشتمل ہے جہاں شہری پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ویزا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ، کاغذات گمشدگی کی رپورٹ اور ڈرائیونگ لرنر باآسانی بنوا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فیس جمع کرانے کی سہولت بھی وہیں فراہم کی گئی ہے۔
سینیئر آپریٹر اسد علی کے مطابق پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ کے لیے شناختی کارڈ اور درخواست دہندہ کی ذاتی موجودگی ضروری ہے، جس کے بعد تین روز میں سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔ ویزا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے لیے پاسپورٹ بھی درکار ہوتا ہے، جبکہ گمشدہ کاغذات کی رپورٹ درج کرانے کے لیے فوٹو کاپی اور سٹام پیپر ضروری ہیں۔
اسی طرح ڈرائیونگ لرنر کے حصول کا طریقہ بھی مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ شہری یہاں بینکوں میں رش سے بچتے ہوئے فیس بھی جمع کرا سکتے ہیں۔ کریکٹر سرٹیفیکیٹ کی فیس 1000 روپے، کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کی 2000 روپے اور لرنر کی فیس 1020 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسد علی کے مطابق سہولت مرکز کے افتتاح کے بعد اب تک 25 شہری اس سہولت سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔ بیشتر شہری جو تھانوں کے چکروں سے گھبراتے تھے، اب آسانی سے یہاں آ کر اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں اور مقررہ وقت میں دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں۔