 
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی جانب سے بھیجی گئی صوبائی کابینہ کی سمری پر دستخط کر دیے، اور یوں خیبر پختونخوا کی نئی کابینہ باضابطہ طور پر تشکیل پا گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی حلف برداری آج سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی، جس میں نئے وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان کیا۔
جن میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم خان، فضل شکور خان، خلیق الرحمٰن، ریاض خان، سید فخر جہاں، عاقب اللہ خان، فیصل خان، مشیر مزمل اسلم، تاج محمد اور معاون خصوصی شفیع جان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق بونیر سے ریاض خان، فخر جہاں اور تاج محمد ترند کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کابینہ اراکین کے ناموں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نئی کابینہ صوبے میں ترقی اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔