پشاور ،تھانہ چمکنی کی حدود میرہ کچھوڑی نہر کے مقام پر فائرنگ کے نتیجے میں بی آر ٹی ملازم جاں بحق ہوگیا۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان نے فائرنگ کی جس سے 19 سے 20 سالہ عاصم ولد اختر گل موقع پر دم توڑ گیا۔ جاں بحق نوجوان بی آر ٹی پشاور میں ملازم تھا اور ڈیوٹی سے فارغ ہو کر گھر واپس جا رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ چمکنی عصمت خان بمعہ تفتیشی افسر علی اکبر خان موقع پر پہنچے، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس کے مطابق مقتول کے پاس اس کا موٹر سائیکل، اے ٹی ایم کارڈ اور نقد رقم موجود تھی۔
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے اور ہر ممکن پہلو سے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ قتل کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق محمد عاصم کی شادی 16 نومبر کو طے تھی اور شادی کے کارڈ بھی تقسیم کیے جا چکے تھے۔