ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بند کمروں کے فیصلوں پر نہ عوام اعتماد کرتی ہے، نہ صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی Home / سیاست,عوام کی آواز /

بند کمروں کے فیصلوں پر نہ عوام اعتماد کرتی ہے، نہ صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

سپر ایڈمن - 30/10/2025 454
بند کمروں کے فیصلوں پر نہ عوام اعتماد کرتی ہے، نہ صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کے فیصلے اب بند کمروں میں نہیں ہونے چاہئیں، عوام اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔

 

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں اور آج ملاقات کے بعد کابینہ کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے تمام ایم پی ایز چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہی گڈ گورننس کا نتیجہ ہے کہ صوبے میں تیسری بار ان کی حکومت قائم ہے۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کے عوام بانی پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، ہم پہلے بھی ڈیلیور کر چکے ہیں اور اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کولیٹرل ڈیمیج کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے کیونکہ اس صوبے میں بنیادی انسانی حقوق پامال نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر پاک افغان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا تھا لیکن صوبے کو بطور سٹیک ہولڈر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے مفادات کا تحفظ خود کرنا ہوگا کیونکہ کوئی ملک کسی کا سگا نہیں ہوتا، سب اپنے مفادات دیکھتے ہیں۔

 

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک کو اس وقت ایک ایسے اسٹیٹس مین کی ضرورت ہے جو پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے فیصلے اب بند کمروں میں نہیں بلکہ عوامی نمائندوں کے مشورے سے ہونے چاہئیں۔

 

انہوں نے شکوہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے، 22 آپریشنز اور 14 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے باوجود دہشتگردی ختم نہیں ہو سکی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلوں پر نہ عوام اعتماد کرتی ہے، نہ صوبائی حکومت، اس لیے اب شفاف اور مربوط پالیسی وقت کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین