وسطی کرم کے علاقے تودہ اوبہ کے گاؤں سلطانی میں دہشتگردوں نے فورسز کے قافلے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کیپٹن نعمان سمیت 6 اہلکار شہید اور 14 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے پہلے فورسز کی ایک گاڑی کو IED دھماکے سے نشانہ بنایا، جس کے بعد فائرنگ شروع کر دی گئی۔ حملے کے دوران دہشتگردوں نے فورسز کی تین گاڑیوں کو نذرِ آتش بھی کر دیا۔
شہید ہونے والوں میں سپاہی ولید، سپاہی وقاص، سپاہی اعجاز، سپاہی امجد، اور نائک ساجد شامل ہیں۔
فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ تین ہفتے قبل بھی وسطی کرم میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 16 اہلکار شہید ہوئے تھے۔
پی ڈی ایم اے کے ضلعی کوآرڈینیٹر شیراز باچا کے مطابق، ممکنہ فوجی آپریشن کے پیش نظر علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے وسطی کرم میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے دھماکوں سے تباہ کر دیے ہیں۔