ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اگر طالبان پھر مہم جوئی کریں گے تو سخت جواب دیں گے،خواجہ آصف Home / سیاست,عوام کی آواز,قومی /

اگر طالبان پھر مہم جوئی کریں گے تو سخت جواب دیں گے،خواجہ آصف

سپر ایڈمن - 29/10/2025 2640
اگر طالبان پھر مہم جوئی کریں گے تو سخت جواب دیں گے،خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے استنبول میں پاک–افغان مذاکرات کے بے نتیجہ رہنے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشتگردانہ یا خودکش حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور اگر افغان طالبان رجیم دوبارہ مہم جوئی پر اتر آیا تو اسے سخت اور کڑوا جواب دیا جائے گا۔

 

وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان طالبان رجیم متعدد مرتبہ برادر ممالک سے مذاکرات کی درخواست کر رہا تھا اور ان درخواستوں پر پاکستان نے امن کی خاطر مذاکرات کی پیشکش قبول کی تھی، مگر مذاکرات کا عمل حتمی نتیجے تک نہ پہنچ سکا۔

 

خواجہ آصف نے کہا کہ بعض افغان حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان رجیم میں انتشار اور دھوکہ دہی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان اپنی قابض حکمرانی اور جنگی معیشت کو بچانے کے لیے افغان عوام کو ایک اور تنازعے میں دھکیل رہے ہیں اور اس عمل سے وہ اپنی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

 

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان طالبان کو ختم کرنے یا انہیں غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کا خواہش مند نہیں، تاہم اگر ضرورت پڑی تو پاکستان انہیں تورا بورا جیسے مقامات پر شکست دے کر مثال قائم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر طالبان لڑنے کی کوشش کریں گے تو دنیا دیکھے گی کہ ان کی دھمکیاں محض دکھاوا تھیں۔

 

خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخی طور پر افغانستان بڑے طاقتوں کے کھیل کا میدان رہا ہے اور طالبان کی حکمرانی نے ملک کو اپنے ہی عوام کے لیے "قبرستان" بنا دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خود کو کسی سلطنت یا empire نہیں کہتا، لیکن وہ اپنے عوام اور سرزمین کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

 

وزیر دفاع نے طالبان رجیم کو واضح انتباہ جاری کیا کہ پاکستان کے عزم اور صلاحیتوں کو آزمانا ان کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا اور جو کوئی بھی پاکستان پر دہشتگردانہ حملہ یا مہم جوئی کرے گا اسے سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔