ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا 14 ہزار روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 16 ہزار 362 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 12 ہزار 3 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نیا بھاؤ 3 لاکھ 56 ہزار 963 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جہاں فی اونس سونا 140 ڈالر کم ہو کر 3 ہزار 940 ڈالر پر آگیا ہے۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر 2025 کو سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم گزشتہ 11 روز میں سونا 40 ہزار 500 روپے سستا ہو چکا ہے۔