سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے گلبہار پولیس اسٹیشن میں شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ قبضہ گروپ، سود خور اور اسلحہ کلچر پھیلانے والے سن لیں، پشاور پولیس کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ ایسے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی جو عوامی زمینوں اور حقوق پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک لہجے میں کہا کہ "ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، امن اور انصاف کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔"
اس موقع پر شہریوں نے سی سی پی او کو بتایا کہ قبضہ گروپوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کار بھی متحرک ہیں ، جو پراپرٹی ڈیلروں کے روپ میں شہریوں کو لوٹنے کا دھندہ کر رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ ان بااثر سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے جو حرام کے مال سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
سی سی پی او پشاور نے شہریوں کو یقین دلایا کہ قبضہ مافیا، سود خوروں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس شہریوں کے تحفظ اور شہر کے امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔