ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
دوحہ و استنبول مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی عدم نمائندگی افسوسناک ہے، بیرسٹر سیف Home / سیاست,عوام کی آواز /

دوحہ و استنبول مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی عدم نمائندگی افسوسناک ہے، بیرسٹر سیف

سپر ایڈمن - 28/10/2025 308
دوحہ و استنبول مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی عدم نمائندگی افسوسناک ہے، بیرسٹر  سیف

 مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دوحہ اور استنبول میں ہونے والے پاک افغان مذاکرات میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہ ہونا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبہ رہا ہے اور افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی کا سب سے زیادہ اثر اسی صوبے نے برداشت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے دانستہ طور پر خیبر پختونخوا کو مذاکرات سے باہر رکھا، جو کھلی بدنیتی اور صوبائی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

 

بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت قومی سلامتی جیسے حساس ترین مسئلے پر بھی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا اور افغانستان کے عوام گہرے ثقافتی، مذہبی اور سماجی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، اس لیے افغانستان سے متعلق کسی بھی پالیسی یا مذاکرات میں صوبے کی شمولیت ناگزیر ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہونے والی کسی بھی پیش رفت کے براہ راست اثرات خیبر پختونخوا پر پڑتے ہیں، لہٰذا امن مذاکرات کے لیے قبائلی عمائدین اور مقامی قیادت کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تاکہ دیرپا اور زمینی حقائق پر مبنی حل ممکن ہو سکے۔