ضلع بنوں میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو شہید کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ککی کی حدود میں دو سڑک ککی کے مقام پر پیش آیا، جہاں خوجڑی پولیس چوکی کے اہلکار جاوید خان ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاوید خان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بروز جمعہ ضلع ہنگو میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ درابن کے مقام پر اس وقت پیش آیا تھا جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ غلمینا میں ہونے والے پہلے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے جا رہے تھے۔