پشاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس میں انتقامی قتل کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق آج صبح تقریباً 9 بجکر 30 منٹ پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی دروازے پر تعینات نفری اور لیڈی پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے دوران ایک خاتون کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کیا جو کہ نہایت مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ خاتون کے بیٹے بلال کو 25 ستمبر 2023 کو تھانہ بڈھ بیر کی حدود بازید میں قتل کیا گیا تھا، جس کا ملزم اس وقت سنٹرل جیل میں قید ہے۔
پولیس نے بتایا کہ آج ملزم اظہار کی عدالت میں پیشی تھی، جس دوران مقتول کے والدین، مسماہ (ف)اور اس کا شوہر، نے عدالت کے احاطے میں انتقامی قتل کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
پولیس اہلکاروں اور لیڈی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنا دیا۔ خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کر کے پستول اور کارتوس برآمد کر لئے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانہ شرقی منتقل کر دیا گیا ہے۔