ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کوہاٹ یونیورسٹی میں نرسنگ طلباء کا احتجاج چھ روز سے جاری، رجسٹریشن میں تاخیر سے مستقبل غیر یقینی Home / تعلیم,خیبر پختونخوا /

کوہاٹ یونیورسٹی میں نرسنگ طلباء کا احتجاج چھ روز سے جاری، رجسٹریشن میں تاخیر سے مستقبل غیر یقینی

Basit Gilani - 26/10/2025 350
کوہاٹ یونیورسٹی میں نرسنگ طلباء کا احتجاج چھ روز سے جاری، رجسٹریشن میں تاخیر سے مستقبل غیر یقینی

کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KUST) میں نرسنگ کے طلباء کی جانب سے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PN&MC) سے رجسٹریشن میں تاخیر کے خلاف احتجاج چھٹے روز بھی جاری ہے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر ان کی ڈگریاں غیر مؤثر ہیں اور ان کا پیشہ ورانہ مستقبل خطرے میں ہے۔

طلباء رہنما عاصم وزیر، خیام آفریدی اور صاحبزادہ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ گزشتہ چار سال سے معاملہ حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھاری فیسوں کے باوجود رجسٹریشن مکمل نہیں ہو رہی، جبکہ ساتواں سمسٹر جاری ہے اور یونیورسٹی نئے داخلوں کی تشہیر بھی کر رہی ہے۔

 

احتجاجی طلباء نے زیرو پوائنٹ پر دھرنا دے رکھا ہے جس میں خواتین طالبات بھی شریک ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر رجسٹریشن مکمل کرے، نرسنگ ڈیپارٹمنٹ کے لیے علیحدہ عمارت فراہم کرے اور پیڈ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کرے۔

یونیورسٹی کے ترجمان راشد اسحاق کے مطابق نرسنگ ڈیپارٹمنٹ 2022 میں قائم کیا گیا تھا، جبکہ 2024 میں نرسنگ کونسل کے وفد نے وزٹ کے دوران چند خامیاں نشان زد کی تھیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ظفر الیاس طلباء کے مستقبل کے تحفظ کے لیے معاملہ جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ماہرین کے مطابق نرسنگ کونسل کی رجسٹریشن کے بغیر کسی بھی نرسنگ ڈگری کی قانونی اور پیشہ ورانہ حیثیت نہیں ہوتی۔

تازہ ترین