ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
افغانستان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف Home / سیاست,عوام کی آواز /

افغانستان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف

سپر ایڈمن - 25/10/2025 271
افغانستان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات سے معاملات طے نہیں پاتے تو پھر پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھلی جنگ ہوگی۔

 

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری افواج اور پولیس اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، ہم اس لیے چین سے سوتے ہیں کہ ہمارے محافظ جاگ رہے ہوتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک افغانوں کی میزبانی کی، لیکن افسوس ہے کہ اس کے باوجود افغانستان کا رویہ ہمارے خلاف ہے۔ “دوحہ میں جن سے ہم بات کر رہے تھے، وہ سب پاکستان میں پلے بڑھے، پھر بھی افغانستان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے۔”

 

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین نے پاکستان میں روزگار اور کاروبار پر قبضہ کیا ہوا ہے، اب ہمیں ایک ہی ایجنڈا اپنانا ہوگا۔ اپنے ہمسائے کے ساتھ اخوت اور اصولوں کے ساتھ رہنے کا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار پانچ دنوں میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو پاکستان اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھائے گا۔

 

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اس وقت ترکیہ کے شہر استنبول میں جاری ہے، جہاں قطر میں ہونے والے مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوحہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر اور سرحدی احترام پر اتفاق ہوا تھا۔