گورنمنٹ گرلز ہائی سکول عالم گودر کاریگر گڑھی کی سینکڑوں طالبات نے ہیڈ مسٹریس کے تبادلے کے خلاف سکول کے اندر احتجاج کیا۔ طالبات نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر "ٹرانسفر نامنظور" کے نعرے لگائے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے
باڑہ کے دورہ کے موقع پر طالبات اور اساتذہ نے ان سے مطالبہ کیا کہ ہیڈ مسٹریس کا تبادلہ واپس لیا جائے۔
سکول میں اس وقت 1300 سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں، اور والدین کے مطابق موجودہ ہیڈ مسٹریس کی قیادت میں سکول نے کمزور حالات سے نکل کر نمایاں ترقی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سکول خیموں اور عارضی عمارتوں سے نکل کر ایک مستقل بلڈنگ میں منتقل ہوا، تو ہیڈ مسٹریس کا تبادلہ کرنا ناانصافی ہے۔
طالبات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے والدین اور طالبات سوشل میڈیا پر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے تھے، تاہم آج باقاعدہ احتجاج کرتے ہوئے سکول کے مین گیٹ پر بینرز آویزاں کئے گئے۔
واضح رہے کہ احتجاج کے باعث نویں جماعت کے بورڈ امتحانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔