ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر:عسکریت پسندوں سے خیبر گرینڈ جرگہ کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

خیبر:عسکریت پسندوں سے خیبر گرینڈ جرگہ کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل

سپر ایڈمن - 22/10/2025 217
خیبر:عسکریت پسندوں سے خیبر گرینڈ جرگہ کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل

ضلع خیبر، وادی تیراہ میں عسکریت پسندوں سے خیبر گرینڈ جرگہ کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا، جس میں عسکریت کے دو مختلف گروپوں سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں نے علاقے سے انخلا پر غور اور مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

 

مذاکرات وادی تیراہ باغ میں منعقد ہوئے، جن میں تحصیل لنڈی کوتل سے ملک تاج الدین، مفتی محمد اعجاز، ملک رزاق ذخہ خیل، ملک طاہر خان، ملک زیر احمد شاہ، ملک خالد خان اور ملک پرویز، جبکہ تحصیل جمرود سے ملک صلاح الدین، چیئرمین عبدالمنان مدوخیل، ملک سید غا جان اور باڑہ سیاسی اتحاد کے رہنما شامل تھے۔

 

ذرائع کے مطابق جرگہ کے ارکان نے عسکریت پسندوں کے دو گروپوں سے ملاقات کی، جن میں ایک گروپ میں حافظ گل بہادر، لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے نمائندے شامل تھے، جبکہ دوسرا گروپ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ تھا۔

 

ذرائع کے مطابق جرگہ ممبران نے عسکریت پسندوں کو واضح پیغام دیا کہ اگر انہوں نے علاقہ خالی نہ کیا تو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ناگزیر ہوگا، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو نقل مکانی اور جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

 

عسکریت پسند گروپوں نے جرگہ کو بتایا کہ وہ مقامی آبادی کو نقصان سے بچانے کے لیے علاقے سے انخلا پر غور کر رہے ہیں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ گروپوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپنے بڑوں سے مشاورت کے بعد کسی حتمی فیصلے تک پہنچا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ دس روز قبل خیبر گرینڈ جرگہ اور عسکریت پسندوں کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں عسکریت پسندوں نے قبائلی اضلاع میں شریعت کے نفاذ کا مطالبہ کیا تھا۔

تازہ ترین