ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، زیرِ سمندر کیبل فالٹ یا عالمی بندش؟ Home / عوام کی آواز,قومی /

ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، زیرِ سمندر کیبل فالٹ یا عالمی بندش؟

سپر ایڈمن - 21/10/2025 272
ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، زیرِ سمندر کیبل فالٹ یا عالمی بندش؟

پشاور  سمیت ملک بھر میں پیر کے روز انٹرنیٹ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب ایمیزون ویب سروسز (AWS) کی عالمی سطح پر بڑی خرابی اور مبینہ ’کیبل فالٹ‘ کے باعث متعدد انٹرنیٹ سروسز متاثر ہو گئیں۔

 

ذرائع کے مطابق پاکستان میں مختلف انٹرنیٹ صارفین نے متعدد آئی ایس پیز پر سروس سست ہونے اور براؤزنگ میں دشواری کی شکایات کیں، جنہیں ایک بار پھر زیرِ سمندر کیبل میں خرابی سے جوڑا گیا۔ تاہم وزارتِ آئی ٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) یا کسی انٹرنیٹ کمپنی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

 

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے وضاحت کی کہ یہ مسئلہ عالمی سطح پر ایمیزون ویب سروسز کی خرابی کے باعث پیش آیا، جس سے ’اسنیپ چیٹ‘ سمیت کئی بڑی ایپس متاثر ہوئیں۔

 

دوسری جانب متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ ان کے سروس فراہم کنندہ اداروں نے انہیں ’کیبل فالٹ‘ سے متعلق اطلاع دی ہے۔ ڈیجیٹل ماہرین کے مطابق یہ خرابی پیس کیبل میں پیدا ہوئی، جو چین سے شروع ہو کر کراچی کے ڈی ایچ اے میں مصری شاہ گیٹ وے کے ذریعے پاکستان سے جڑتی ہے اور 600 جی بی پی ایس کی گنجائش فراہم کرتی ہے۔

 

پی ٹی اے کے مطابق پاکستان میں زیرِ سمندر کیبل نیٹ ورکس پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کے زیرِ انتظام ہیں، جن میں اے اے ای-1، ایس ایم ڈبلیو-4 اور آئی ایم ای ڈبلیو ای نیٹ ورکس شامل ہیں، جبکہ ان کے لینڈنگ سٹیشنز کراچی کے ہاکس بے اور کلفٹن میں واقع ہیں۔

تازہ ترین