ضلع خیبر کے علاقے باب خیبر میں کوکی خیل قوم کا گرینڈ مشاورتی جرگہ ملک نصیر احمد کوکی خیل کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں علاقے کے سیاسی، سماجی اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جرگے کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور آئندہ چند روز میں ان سے ملاقات کا اعلان کیا۔
ملک نصیر احمد کوکی خیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی ہمارے علاقے کے اپنے بندے ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ خصوصاً قبائلی اضلاع، کوکی خیل قوم، ریگی للمہ منصوبے اور تیراہ میں آئی ڈی پیز کی واپسی و پیکیج جیسے اہم مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو صوبے میں امن و امان کی بحالی اور آٹے کے بحران پر فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ جرگے کے دوران ملک نصیر احمد نے شادیوں میں غیر ضروری رسومات کے خاتمے اور حقِ مہر کی حد تین لاکھ روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے پر علمائے کرام سے مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس تباہی سے بچایا جا سکے۔
ملک نصیر احمد نے کوکی خیل عوام کو سماجی نظم و ضبط کی پابندی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں غیر مناسب رویوں سے اجتناب کیا جائے اور خواتین کو مرد کے بغیر بازار نہ آنے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس حوالے سے بہتری نہ آئی تو جرگہ آئندہ کارروائی کا نوٹس لے گا۔
جرگے میں شریک دیگر مشران اور نمائندوں نے بھی مختلف تجاویز پیش کیں اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں، کوکی خیل قومی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما گوہر آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔