ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا ضم اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان Home / خیبر پختونخوا,سیاست,عوام کی آواز /

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا ضم اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

سپر ایڈمن - 20/10/2025 446
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا ضم اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

 وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے لیے ٹرائبل میڈیکل کالج، ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز اور شہید ارشد شریف یونیورسٹی آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کے قیام کا اعلان کر دیا۔

 

 وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کے پہلے باضابطہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں گڈ گورننس روڈ میپ، امن و امان اور انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

 

وزیر اعلیٰ کو صوبائی گڈ گورننس روڈ میپ، امن و امان، دہشتگردی کے واقعات، پولیس کو مستحکم بنانے کے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی عوامی مینڈیٹ کے تحت حکومت کر رہی ہے اور عمران خان تاحیات چیئرمین ہیں۔ انہوں نے بیوروکریسی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دباؤ کے باوجود عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کیا۔ تاہم، ان سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے پریشر میں آکر عوام کا ساتھ نہیں دیا۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ان کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور کسی کو بھی بدعنوانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی سرکاری افسر سے عوام مطمئن نہیں ہوں گے تو وہ اپنے عہدے پر نہیں رہ سکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روایتی انداز میں نہیں بلکہ عملی تبدیلی کے ذریعے عوام کو حقیقی تبدیلی کا احساس دلایا جائے گا۔

 

انہوں نے ضم اضلاع کے لیے ٹرائبل میڈیکل کالج، ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز، سیف سٹی پراجیکٹ اور تحصیل سطح پر پلے گراونڈز کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اسی طرح پشاور شہر کی بحالی اور ترقی کے لیے “پشاور ریویول پلان” بھی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ ای پیڈ سسٹم کو ای ٹینڈرنگ نظام سے ہم آہنگ کیا جائے اور تعلیمی اداروں میں روایتی رٹہ سسٹم کے بجائے کانسیپچوئل ایگزامینیشن سسٹم متعارف کرایا جائے۔

 

انہوں نے دو سالہ پوسٹنگ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سفارش کلچر کا خاتمہ اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ صوبے میں 3MPO کے تحت کسی سیاسی شخص کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اور سیاسی ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے گا کیونکہ آزادیٔ اظہار ہر شہری کا آئینی حق ہے۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں اور حکومت انہیں تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وار آن ٹیرر فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے صوبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو اس کے واجب الادا فنڈز بروقت جاری کیے جائیں تاکہ پولیس کو مضبوط کیا جا سکے۔

 

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ قیدیوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پولیس اور میڈیا کے لیے الگ انکلیوز قائم کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی ناقص بلٹ پروف گاڑیوں کو واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا پولیس کی توہین ہے۔

 

سہیل آفریدی نے سابق وزرائے اعلیٰ کو دی گئی سکیورٹی بحال کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ ان کا تحفظ اور احترام یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین