وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ممالک اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ دہشتگردی کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کا بنیادی مقصد دہشتگردی جیسے دیرینہ مسئلے کا خاتمہ ہے، جو برسوں سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے دہشتگردی کا مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست جھڑپ کی صورت اختیار کر گیا تھا، تاہم حالیہ مذاکرات کے بعد دونوں جانب اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشتگردی پر قابو نہ پایا گیا تو خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان یہ معاہدہ قطر اور ترکیے کی ثالثی سے طے پایا، اور اس سلسلے میں انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترک وفد کے سربراہ ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔