پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں پاکستان نے ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ سپنر آصف آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو آج اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان کی ٹیم تین سپنرز کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم میں سپنر کیشو مہاراج کی واپسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ آصف آفریدی 38 سال اور 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے دوسرے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل سب سے عمر رسیدہ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی میراں بخش تھے جنہوں نے 47 سال اور 284 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔
پاکستانی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، امام الحق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، آصف آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔