ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
افغانستان اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر Home / عوام کی آواز,قومی /

افغانستان اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

سپر ایڈمن - 18/10/2025 316
 افغانستان اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں،  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ معرکہ حق میں اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے، دشمن کو خبردار کرتا ہوں کہ ایٹمی ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔

 

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی رہی، جس سے عوام کا اپنی افواج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے باوجود قوم متحد رہی اور افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے رافیل طیارے مار گرائے اور دشمن کے ایس 400 سسٹمز سمیت متعدد ٹھکانے نشانہ بنائے۔

 

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے ازلی دشمن کے خلاف ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے عوام اور افواج پاکستان کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتا ہے مگر قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ ’’کریڈیبل ڈیٹرنس‘‘ اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، ہماری پیشہ ور افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فیلڈ مارشل نے بھارت کو خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کی جوابی کارروائی دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت ہوگی، جس سے اس کے فوجی و معاشی نقصانات بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے بھارتی فوجی قیادت کو مشورہ دیا کہ پاکستان کے ساتھ تمام بنیادی مسائل بین الاقوامی اصولوں کے مطابق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کئے جائیں۔

 

قبل ازیں، پی ایم اے کاکول میں 152ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں اینٹی گریٹڈ کورس اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 40 دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈز سے نوازا۔

تازہ ترین