ترجمان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا رحمت سلام خٹک نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وزیراعظم کے اہم اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سیلاب زدگان، آٹے کے بحران اور دہشتگردی جیسے اہم امور پر فیصلے کئے گئے، جن سے صوبے کے عوام براہ راست متاثر ہیں۔ رحمت سلام خٹک نے صوبائی حکومت کی عوامی مسائل پر مجرمانہ غفلت کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوامی خدمت کے بجائے سیاسی تماشوں میں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کی ہم آہنگی ہی عوامی ریلیف اور قومی سلامتی کی ضامن ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ کو سیاسی ضد چھوڑ کر عوامی مفاد میں وفاق سے تعاون کرنا چاہیے تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے حقیقی مسائل حل ہو سکیں۔