افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کی جانب سے پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبرداری کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردعمل سامنے آگیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ نومبر میں پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں شریک نہیں ہوگا۔ تاہم پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد کی جائے گی۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، افغانستان کے انکار کے بعد تیسری ٹیم کے لیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ سیریز کے تمام انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 17 سے 29 نومبر تک پاکستان میں شیڈول ہے، جس میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی اپنی شرکت کی تصدیق کر چکی ہیں۔