پاراچنار،وسطی کرم میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر مقامی آبادی کی نقل مکانی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک علیشیرزئی اور مسوزئی کے 22 دیہات سے 2200 سے زائد خاندانوں کے تقریباً 15 ہزار افراد اپنے گھروں کو چھوڑ چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ضلعی کوآرڈینیٹر شیراز باچا کے مطابق متاثرہ افراد کے لیے ضلع کرم اور ٹل کے مختلف علاقوں میں عارضی رہائشی کیمپ قائم کئے گئے ہیں، جبکہ لوئر کرم خار کلی میں ٹی ڈی پیز کی رجسٹریشن کے لیے نادرا آفس میں دو ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق رجسٹریشن ڈیسک کے قیام سے ٹرانسپورٹیشن چارجز اور دیگر انتظامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب نقل مکانی کرنے والے متاثرین نے شکایت کی ہے کہ انہیں ٹرانسپورٹیشن چارجز کی مکمل ادائیگی نہیں کی جا رہی۔ مقامی شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکام بروقت اقدامات اٹھا کر ان کی مشکلات کا ازالہ کریں۔