ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد کی سی ٹی ڈی اہلکار کے گھر میں فائرنگ، اہلکار شہید Home / جرائم,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد کی سی ٹی ڈی اہلکار کے گھر میں فائرنگ، اہلکار شہید

سپر ایڈمن - 16/10/2025 280
شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد کی سی ٹی ڈی اہلکار کے گھر میں فائرنگ، اہلکار شہید

 شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکار کو گھر میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد گھر میں گھس آئے اور اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سی ٹی ڈی میں بطور انٹیلی جنس آپریٹر تعینات تھا، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں اور بخصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حملوں کا مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔

 

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (PICSS) اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (CRSS) کی حالیہ رپورٹوں کے مطابق گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 45 حملوں میں 54 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوئے۔