وزارتِ سیفران نے خیبر پختونخوا میں موجود آخری 28 افغان مہاجر کیمپس کو بھی ختم کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں قائم تمام مہاجر کیمپس بند کر دیے گئے ہیں، جن میں پشاور کے 8، نوشہرہ کے 3، ہنگو کے 5، کوہاٹ کے 4، مردان اور صوابی کے دو دو، بونیر کے ایک جبکہ دیر کے تین مہاجر کیمپس شامل ہیں۔
وزارتِ سیفران کے اعلامیہ میں کمشنریٹ آف افغان ریفیوجیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام کیمپس کی زمینیں فوری طور پر صوبائی حکومت کے حوالے کی جائیں۔ اس کے علاوہ کیمپس سے متعلق تمام غیر منقولہ اثاثے بھی خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کئے جائیں۔
واضح رہے کہ وزارتِ سیفران نے 13 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں 10 مہاجر کیمپس ختم کرنے کا اعلامیہ پہلے ہی جاری کر دیا تھا، جس کے بعد آج صوبے بھر کے تمام افغان مہاجر کیمپس مکمل طور پر ختم کر دیے گئے ہیں۔