پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے انتخاب اور حلف برداری سے متعلق سمریاں گورنر ہاؤس پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق سمری صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارسال کی تھی، جبکہ حلف برداری کی سمری سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بھجوائی۔
گورنر ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سمریاں آج گورنر ہاؤس کو موصول ہوچکی ہیں، تاہم گورنر فیصل کریم کنڈی اس وقت پشاور میں موجود نہیں، اسی باعث آج کسی پیش رفت کا امکان نہیں۔
اسمبلی سپیکر بابر سلیم سواتی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کا انتخاب جیت چکے ہیں، لہٰذا آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت انہیں حلف کے لیے طلب کیا جائے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور کرنے کے بعد ہی نئے وزیراعلیٰ سے حلف لیا جائے گا۔