بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک شخص نے اپنی بیوی پر حیران کن الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بیوی رات کے وقت سانپ بن جاتی ہے اور کئی مرتبہ اسے ڈسنے کی کوشش کر چکی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ضلع سیتاپور کے گاؤں لوڈھاسا سے تعلق رکھنے والے شخص معراج نے ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بیوی نسیمن رات کے وقت سانپ جیسی حرکتیں کرتی ہے، ’’سسس‘‘ کی آوازیں نکالتی ہے اور دعویٰ کرتی ہے کہ وہ ’’ناگن‘‘ ہے جو پچھلے جنم کا بدلہ لینے آئی ہے۔
درخواست میں شوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ بیوی ذہنی طور پر ٹھیک نہیں اور کئی بار اسے کاٹنے کی کوشش کر چکی ہے۔ معراج نے بتایا کہ اس نے بارہا پولیس کو اطلاع دی لیکن کسی نے اس کی بات پر یقین نہیں کیا، جس پر وہ اپنی شکایت لے کر ضلع انتظامیہ کے پاس پہنچا۔
ضلع مجسٹریٹ نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ معراج کے الزامات میں کس حد تک سچائی ہے۔
دوسری جانب نسیمن نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر جہیز کے معاملے پر اسے ہراساں کرتا ہے اور دوسری شادی کرنا چاہتا ہے۔ نسیمن کے مطابق وہ چار ماہ کی حاملہ ہے، لیکن شوہر نہ اس کی طبی ضروریات پوری کرتا ہے اور نہ ہی کھانے پینے کا خیال رکھتا ہے۔
نسیمن نے الزام لگایا کہ شوہر جھوٹا مقدمہ بنا کر اسے ذہنی اور سماجی دباؤ میں لانا چاہتا ہے تاکہ وہ خود ہی شادی ختم کر دے۔
گاؤں کے کچھ رہائشیوں نے بھی تصدیق کی کہ میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے ہیں، دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اگر شوہر کی شکایت جھوٹی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ اگر بیوی میں کسی نفسیاتی بیماری کے آثار پائے گئے تو اسے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔