ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
طورخم بارڈر دوسرے روز بھی بند، تجارت معطل، ٹرانسپورٹرز اور مزدور شدید متاثر Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

طورخم بارڈر دوسرے روز بھی بند، تجارت معطل، ٹرانسپورٹرز اور مزدور شدید متاثر

سپر ایڈمن - 13/10/2025 187
طورخم بارڈر دوسرے روز بھی بند، تجارت معطل، ٹرانسپورٹرز اور مزدور شدید متاثر

پاک افغان فورسز کے مابین جاری کشیدگی کے باعث طورخم کی مرکزی تجارتی گزرگاہ دوسرے روز بھی بند رہی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہوگئیں۔ بارڈر کی طویل بندش کے باعث کروڑوں روپے کے ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ مقامی آبادی، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

 

سرحد کے دونوں جانب سیکڑوں ٹرالر اور کنٹینرز سبزی، پھل اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا سے بھرے کھڑے ہیں، جن کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بارڈر فوری طور پر نہ کھولا گیا تو لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو جائے گا۔

مقامی باشندوں نے اس صورتحال کو “معاشی قتل” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طورخم بارڈر پر مزدوری اور کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد کی روزی روزگار کا انحصار اسی گزرگاہ پر ہے۔ بارڈر کی بندش کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور کئی خاندان فاقوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔

 

علاقہ مکینوں کے مطابق بارڈر کی بندش سے نہ صرف تجارت بلکہ مریضوں، طلباء اور عام شہریوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شہریوں نے دونوں ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ سرحدی گزرگاہوں کو سیاسی اور سیکیورٹی تنازعات سے الگ رکھا جائے اور انہیں باہمی تعلقات اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر طور پر استعمال کیا جائے۔

تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی حکومتیں فوری مذاکرات کے ذریعے کشیدگی ختم کریں اور طورخم بارڈر کو کھول کر تجارت بحال کریں تاکہ غریب عوام مزید مشکلات سے بچ سکیں۔

تازہ ترین