ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب، اپوزیشن کا احتجاج اور واک آؤٹ Home / سیاست,عوام کی آواز /

سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب، اپوزیشن کا احتجاج اور واک آؤٹ

سپر ایڈمن - 13/10/2025 267
سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب، اپوزیشن کا احتجاج اور واک آؤٹ

خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے انتخابی عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واک آؤٹ کر دیا۔

 

انتخابی عمل مکمل ہونے پر سپیکر نے اعلان کیا کہ 145 رکنی ایوان میں سہیل آفریدی نے 90 ووٹ حاصل کئے، جبکہ اپوزیشن ارکان کے واک آؤٹ کے باعث ان کی جانب سے کوئی ووٹ کاسٹ نہیں کیا گیا۔

 

اپوزیشن کے اعتراضات پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے دو مرتبہ گورنر کو استعفیٰ بھجوایا اور اسمبلی فلور پر بھی استعفیٰ دینے کی تصدیق کی تھی۔

 

“یہ میری آئینی ذمہ داری ہے کہ نیا قائد ایوان منتخب کروں۔ آئین کسی کی خواہش پر نہیں چلتا، طریقہ کار مکمل طور پر آئینی ہے۔”

 

علی امین گنڈاپور کا خطاب

 

سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو پیشگی مبارکباد دی اور کہا کہ وہ 8 اکتوبر کو استعفیٰ دے چکے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ میں نے جمہوری روایات کے مطابق استعفیٰ دیا، اسے مذاق نہ بنایا جائے۔ جب حکومت ملی تو خزانہ خالی تھا، آج صوبے کے پاس 280 ارب روپے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ترقیاتی فنڈز منصفانہ طریقے سے استعمال کیے گئے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔

 

اپوزیشن کا مؤقف

 

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے قائد ایوان کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک علی امین گنڈاپور کے استعفے کی باضابطہ منظوری نہیں ہوتی، نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنا آئین کے منافی ہے۔

“ہم کسی غیر آئینی عمل کا حصہ نہیں بن سکتے، پی ٹی آئی خود اس عمل کو مشکوک بنا رہی ہے۔”

 

انتخابی عمل

 

اسمبلی اجلاس کے آغاز پر سپیکر نے انتخاب کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ارکان کی حاضری کے لیے گھنٹی بجائی جائے گی، جس کے بعد دروازے بند کر دیے جائیں گے اور ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔


گنتی مکمل ہونے پر اسپیکر نے سہیل آفریدی کے نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔

 

یاد رہے کہ قائد ایوان کے عہدے کے لیے چار امیدوار سامنے آئے تھے ، جن میں پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہ جہان، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک اور جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمان۔

 

تاہم پی ٹی آئی کی واضح برتری کے باعث سہیل آفریدی نے کامیابی حاصل کی۔ خیال رہے کہ  سہیل آفریدی ضم شدہ قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ ان کے انتخاب کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے انہیں مبارکباد دی۔ وہ پی ٹی آئی کے چوتھے  اور خیبر پختونخوا کے 30 ویں وزیراعلیٰ ہیں، ان سے قبل پرویز خٹک، محمود خان اور علی امین گنڈاپور اس منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔

تازہ ترین