ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
قبائل پر دہشتگردی کے الزامات ناقابل قبول ہیں، سہیل آفریدی ہمارا فخر ہے، قبائلی مشران Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

قبائل پر دہشتگردی کے الزامات ناقابل قبول ہیں، سہیل آفریدی ہمارا فخر ہے، قبائلی مشران

سپر ایڈمن - 11/10/2025 351
قبائل پر دہشتگردی کے الزامات ناقابل قبول ہیں، سہیل آفریدی ہمارا فخر ہے،  قبائلی مشران

قوم شلوبر کے مشران ملک ظفر آفریدی اور خلیل آفریدی نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزراء اور بعض سیاسی رہنماؤں کے سہیل آفریدی سے متعلق بیانات کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

 

رہنماؤں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، سمن بلور اور قمر زمان کائرہ کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام، خصوصاً آفریدی اقوام باوقار اور باصلاحیت قوم ہیں، کسی کو ان کی تضحیک کرنے کا حق حاصل نہیں۔

 

ملک ظفر آفریدی کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی مخالفت کی واحد وجہ ان کا متوسط طبقے اور پسماندہ علاقے سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اگر مریم نواز، نواز شریف کی بیٹی نہ ہوتیں تو شاید ایک چپڑاسی کے عہدے کے بھی قابل نہ ہوتیں۔”

 

مشران کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی قبائلی عوام کے حقیقی نمائندہ ہیں، جو علاقے میں ترقی، روزگار اور امن کے فروغ کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سہیل آفریدی کی راہ میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو قوم شلوبر ہر سطح پر احتجاج کرے گی۔

 

رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی عوام کی تضحیک کرنے والے بیانات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

 

دوسری جانب قوم ملک دین خیل کے مشران و زعماء سفیر آفریدی اور نزیر جان آفریدی نے باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ قبائل پر دہشتگردی کے الزامات ناقابل قبول ہیں۔

 

سفیر آفریدی نے کہا کہ “ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے ستر سال تک بلا معاوضہ اس ملک کی سرحدوں کی رکھوالی کی ہے، ہمیں غدار کہنا ظلم اور ناانصافی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ قبائلی نوجوان غدار نہیں، بلکہ اس ملک کا فخر ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی آواز کو سنا جائے، دبایا نہ جائے۔

 

نزیر جان آفریدی نے کہا کہ سہیل آفریدی کسی فرد کا نہیں بلکہ ایک احساس کا نام بن چکے ہیں، وہ احساس جو برسوں سے محرومی، آپریشنوں اور ناانصافی کے بوجھ تلے دبے ہوئے لوگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ جب ایک نوجوان انصاف، عزت اور امن کی بات کرتا ہے تو طاقتور حلقے اس آواز سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں، لیکن یاد رکھیں کہ قوموں کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، وہ تاریخ لکھتی ہیں۔

 

قبائلی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی آج ہر اُس پشتون کی آواز ہیں جو عزت، امن اور انصاف کے ساتھ جینا چاہتا ہے۔

تازہ ترین