مشیرِاطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو دہشتگردی کے اصل سہولت کار قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وفاق اپنی ناقص اور کمزور پالیسیوں کے ذریعے دہشتگردوں کی سہولت کاری کر رہا ہے، جس کے باعث ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید بگڑ رہی ہے۔ اُن کے بقول جعلی وفاقی حکومت کی غیر مؤثر حکمتِ عملی دہشتگردی کے خاتمے کے بجائے اسے فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کا دہشتگردوں کے ساتھ نرم رویہ کوئی نیا نہیں، وہ بطور وزیراعلیٰ دہشتگردوں سے معافی مانگنے کی روایت رکھتے تھے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ایک غیر ذمہ دار وزیراعظم سے دہشتگردی کے خاتمے کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔
مشیرِ اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ وفاقی حکومت تعاون کے بجائے الزام تراشی میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود ہے، صوبے کی پولیس اور عوام روزانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سیف نے وزیراعظم اور ان کے وزراء کے بیانات کو شہداء کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات بیمار ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔