ضلع خیبر، جمرود پریس کلب میں قبائلی مشران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد کرنے کے فیصلے کو تاریخی اور خوش آئند قرار دیا۔
مشران میں ملک حاجی عبدالمنان مدوخیل، حاجی بارک طورخیل، ملک یوسف مدوخیل اور یاسین طورخیل سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اقدام قبائلی عوام کی محرومیوں کے ازالے کی سمت ایک اہم قدم ہے اور پہلی بار ایک قبائلی نوجوان کو صوبے کی قیادت کا موقع ملے گا۔
مقررین نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کو دہشت گرد کہنا قبائلی عوام کی توہین ہے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر اپنے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان پر فوری معافی مانگیں۔
مشران نے کہا کہ سہیل آفریدی محب وطن، تعلیم یافتہ اور جمہوری سوچ رکھنے والے سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ اُن کی جماعت حقیقی جمہوری اقدار کی حامل ہے جہاں عام طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی قیادت تک پہنچ سکتے ہیں۔
کوکی خیل مشران نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا کہ وہ سازشوں سے باز رہیں اور سہیل آفریدی کے بطور وزیر اعلیٰ تقرر میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ قبائلی عوام اپنے رہنما کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آخر میں مشران نے سہیل آفریدی کو نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قبائلی عوام کے احساس محرومی کو ختم کرنے کی سمت ایک تاریخی قدم اُٹھایا۔