ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
قبائلی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں، سہیل آفریدی عملی اقدامات کریں، شاہ جی گل آفریدی Home / سیاست,عوام کی آواز /

قبائلی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں، سہیل آفریدی عملی اقدامات کریں، شاہ جی گل آفریدی

Azlan afridi - 09/10/2025 395
قبائلی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں، سہیل آفریدی عملی اقدامات کریں، شاہ جی گل آفریدی

 ازلان آفریدی

 

ضلع خیبر کے سابق رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے سامنے سب سے بڑا امتحان ضم شدہ اضلاع کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں جائز حصہ دلوانا اور بدامنی و دہشتگردی کے مسائل کا خاتمہ ہے۔ ان کے مطابق اگر ان نکات پر سنجیدگی سے عمل نہ ہوا تو قبائلی عوام کی محرومیاں برقرار رہیں گی۔

 

شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ فاٹا کا انضمام قبائلی عوام کی دہائیوں پر محیط قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے، اور آج پہلی بار ضلع خیبر سے وزیراعلیٰ کا انتخاب ایک تاریخی موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبائلی عوام کے لیے نئی تاریخ رقم کرنی چاہیے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے وزرائے اعلیٰ نے اپنے علاقوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جن کے ثمرات آج بھی عوام کو حاصل ہیں۔ سوات، مردان، نوشہرہ اور ایبٹ آباد اس کی نمایاں مثالیں ہیں جہاں عوامی معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئی۔

 

سابق ایم این اے نے زور دیا کہ سہیل آفریدی پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ضم شدہ اضلاع خصوصاً ضلع خیبر میں تعلیم، صحت اور روزگار کے بڑے منصوبے شروع کریں۔ ان کے مطابق اگر وزیراعلیٰ نے اپنے دورِ حکومت میں ان شعبوں پر سنجیدگی سے کام کیا تو ان کا نام عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

 

شاہ جی گل آفریدی نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو صرف ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ امن و امان کی بحالی کو اولین ترجیح بنانا ہوگی، کیونکہ قبائلی عوام سب سے زیادہ دہشتگردی اور بدامنی کا شکار رہے ہیں۔ ان کے بقول، امن کے بغیر ترقی کا خواب کبھی حقیقت کا روپ نہیں دھار سکتا۔

تازہ ترین