خیبر پختونخوا حکومت نے صاف توانائی کے میدان میں سنگ میل عبور کرتے ہوئے تین ہائیڈرو پاور منصوبے مکمل کر لئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صاف اور سستی توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں 62.8 میگاواٹ کے تین ہائیڈرو پاور منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جن میں 40.8 میگاواٹ کوٹو، 11.8 میگاواٹ کرورہ اور 10.2 میگاواٹ جبوری منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ان منصوبوں سے سالانہ 347 ملین یونٹس صاف بجلی پیدا ہوگی، جس سے صوبے کو سالانہ 4.4 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان منصوبوں کی بدولت عوام کو مزید سستی اور معیاری بجلی کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف توانائی کے فروغ سے مقامی صنعتوں کو تقویت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے تحت مزید ہائیڈرو پاور منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، تاکہ صوبہ توانائی میں خود کفالت حاصل کر سکے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قدرتی آبی وسائل کے مؤثر استعمال سے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ صاف توانائی، خوشحال معیشت اور مضبوط خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔