خیبر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی آئس ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر رائے مظہر اقبال کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔
ایس ایچ او جمرود نسیم خان کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او اسلام شاہ اور اسسٹنٹ انچارج زرمت خان شہید چوکی شاہ زیب نے خفیہ اطلاع پر علاقہ شاکس میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران کارروائی کی۔ پولیس نے بین الاقوامی شہرت یافتہ آئس ڈیلرز کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 10 کلوگرام آئس برآمد کرلی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او جمرود نسیم خان کے مطابق گرفتار ملزم ایک منظم بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کا اہم رکن ہے جو پاکستان کے مختلف حصوں میں آئس سمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔
ڈی پی او خیبر کے خصوصی احکامات پر جمرود کے تمام چیک پوسٹوں پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کرکے نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔