ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاکستان میں 2005 کے زلزلے کو 20 سال مکمل، تباہی کی یادیں آج بھی تازہ Home / عوام کی آواز,قومی /

پاکستان میں 2005 کے زلزلے کو 20 سال مکمل، تباہی کی یادیں آج بھی تازہ

سپر ایڈمن - 08/10/2025 201
پاکستان میں 2005 کے زلزلے کو 20 سال مکمل، تباہی کی یادیں  آج بھی تازہ

 پاکستان میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کو 20 برس بیت گئے۔ 7.6 شدت کے اس زلزلے نے آزاد کشمیر، ہزارہ ڈویژن اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تباہی مچائی تھی، جس میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔

 

زلزلے کے باعث پوری آبادیاں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، تعلیمی و صحت کے ہزاروں ادارے منہدم ہو گئے، اور چند سیکنڈز میں بستے شہر ویران ہوگئے۔ آزاد کشمیر کی 56 فیصد آبادی متاثر ہوئی، جہاں 46 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 33 ہزار زخمی ہوئے۔ تین لاکھ سے زیادہ مکانات تباہ ہوئے اور خطے کے 53 فیصد رقبے پر بنیادی سہولیات مکمل طور پر مٹ گئیں۔

 

اس تباہی کے بعد حکومت پاکستان، عوام، اور دوست ممالک نے مل کر تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں حصہ لیا۔ پاک فوج نے 50 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے 19 ہزار پروازیں کر کے متاثرین تک امداد پہنچائی۔

 

رپورٹ کے مطابق زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو کے لیے مجموعی طور پر 7608 منصوبے شروع کئے گئے، جن میں سے 5878 مکمل ہوچکے ہیں، 919 پر کام جاری ہے جبکہ مالی مشکلات کے باعث 811 منصوبے تاحال شروع نہیں ہو سکے۔ شعبہ تعلیم کے 2718 منصوبوں میں سے 1606، اور صحت کے 160 میں سے 119 منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ تعمیرِ نو پروگرام کا مجموعی حجم 225 ارب روپے ہے جن میں سے 181 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 44 ارب روپے درکار ہیں۔

 

زلزلہ کے شہدا کی یاد میں آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ شہدائے زلزلہ کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے آگاہی سیشنز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

 

تقریب کا اہتمام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کے زیرِ انتظام کیا جا رہا ہے، جس میں اُن دوست ممالک کے پرچم بھی لہرائے جائیں گے جنہوں نے 2005 کے زلزلے کے دوران پاکستان کی مدد کی تھی۔

تازہ ترین