جاپان کی حکومت نے پاکستان میں بنیادی سہولیات اور تعلیم کے فروغ کے لیے دو غیر سرکاری تنظیموں کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ معاونت جاپان کے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس (GGP) پروگرام کے تحت کی جا رہی ہے۔
جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی اور دونوں این جی اوز کے نمائندوں کے درمیان گرانٹ معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں جاپانی سفارتخانے میں ہوئے۔ منصوبے راولپنڈی کے علاقے مسکین آباد اور خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں شروع کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق، غیر سرکاری تنظیم ایکٹڈ (ACTED) کو 61 ہزار 200 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 73 لاکھ روپے) دیے جائیں گے، جس کے تحت نوشہرہ کے پسماندہ علاقے میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم کی بحالی کی جائے گی۔ اس منصوبے میں پانی کے ٹینک کی تعمیر اور پائپ لائنوں کی توسیع شامل ہے، جس سے 1,470 افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور خواتین و بچوں کو پانی لانے کی مشقت سے نجات ملے گی۔
دوسری جانب، کوسِ قزح ویلفیئر آرگنائزیشن (KKO) کو 52 ہزار 135 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 48 لاکھ روپے) کی گرانٹ دی گئی ہے، جس سے راولپنڈی کے علاقے مسکین آباد میں ایک پرائمری سکول تعمیر کیا جائے گا۔ سکول میں ہر سال 300 بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ سکول سے باہر بچوں کے اندراج کو فروغ دیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ یہ منصوبے مقامی کمیونٹی کے تعاون سے عوامی معیار زندگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک خوشحال قوم کی بنیاد ہے اور یہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔
سفیر جاپان نے مزید کہا کہ تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی جاپان کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے اور جاپان مستقبل میں بھی پاکستان میں فلاحی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔