پشاور پولیس نے اے ایس آئی صفدر خان کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کے مطابق مقتول اے ایس آئی صفدر خان پہاڑی پورہ پولیس سٹیشن میں تعینات تھا اور گزشتہ ماہ تلارزئی پل کے مقام پر انہیں قتل کیا گیا تھا۔ ابتدا میں شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید دہشتگردوں نے انہیں نشانہ بنایا ہے، تاہم تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کو ان کے اپنے پیٹی بند ساتھی، پولیس اہلکار ثناء اللہ نے قتل کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ ملزم ثناء اللہ بھی مقتول کے ساتھ پہاڑی پورہ میں تعینات تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے بھائی کے رشتے کا تنازع اس قتل کی وجہ بنا۔ رشتہ اے ایس آئی صفدر خان کے جاننے والوں کے گھر طے پایا تھا جو بعد میں ختم ہوگیا، جس پر ملزم کو شبہ تھا کہ صفدر خان نے مخالفین کا ساتھ دیا۔
مسعود بنگش کے مطابق ملزم کو یہ بھی خدشہ تھا کہ مخالفین انہیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور صفدر خان ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔