ملاکنڈ کے علاقے کوٹ میں ایک نوجوان لڑکی کو اپنی والدہ کی شکایت پر لیویز فورس نے گرفتار کرلیا۔ لڑکی مبینہ طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر لڑکے کا روپ دھار کر ویڈیوز بناتی اور شیئر کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ بارہا سمجھانے کے باوجود ان کی بیٹی باز نہیں آرہی تھی اور سوشل میڈیا پر نامناسب ویڈیوز شیئر کرنے سے خاندان اور معاشرے میں بدنامی پھیل رہی تھی۔
والدہ کی شکایت پر لیویز فورس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا، جہاں ابتدائی تفتیش کے بعد اسے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں والدہ کی درخواست، منت سماجت اور آئندہ ایسی سرگرمیوں سے گریز کی یقین دہانی پر لیویز حکام نے اسے ضمانت پر رہا کردیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار لڑکی نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے کسی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے نہیں بلکہ صرف تفریح اور شہرت حاصل کرنے کے شوق میں لڑکے کا روپ دھار کر ویڈیوز بنائیں۔