ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاراچنار: پی ایس ایل (پاراچنار سپر لیگ) سیزن ون کا افتتاح Home / قبائلی اضلاع,کھیل /

پاراچنار: پی ایس ایل (پاراچنار سپر لیگ) سیزن ون کا افتتاح

سپر ایڈمن - 07/10/2025 60
پاراچنار: پی ایس ایل (پاراچنار سپر لیگ) سیزن ون کا افتتاح

پاراچنار میں پی ایس ایل (پاراچنار سپر لیگ) سیزن ون کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سپورٹس کمپلیکس پاراچنار میں منعقد ہوئی جس میں تماشائیوں، عمائدین، کھلاڑیوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر نواز، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امجد حسین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے لوگ کھیلوں سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور اس نوعیت کی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

 

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر نواز نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مثبت سرگرمیوں کا خیر مقدم کرتی ہے اور سپورٹس کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ ٹورنامنٹ قبائلی اضلاع کے لیے رول ماڈل ثابت ہوگا۔

 

سیاسی و سماجی رہنماؤں عنایت لالا، پیپلز پارٹی ضلع کرم کے جنرل سیکرٹری ملک سید اصغر، اور سید مسرت حسین نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نہ صرف امن کے قیام میں مددگار ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

 

سپورٹس آفیسر امجد حسین نے بتایا کہ پی ایس ایل میں اپر کرم کے مختلف علاقوں سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، یہ مقابلے تین ہفتے جاری رہیں گے جس کے بعد ضلع کرم کے دیگر علاقوں میں بھی کھیلوں کے ایونٹس منعقد کئے جائیں گے۔

 

قبائلی رہنما جمیل حسین نے کہا کہ کھیل جیسے مثبت اقدامات قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے ضروری ہیں، جبکہ فٹ بال کے کھلاڑی علی مصطفیٰ نے کہا کہ صوبائی اور قومی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں تاکہ کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں اور عوام کو تفریح کے بہتر مواقع فراہم ہوں۔