الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست سابق سینیٹر سید شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 8 اور 9 اکتوبر کو جمع کرا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 10 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 13 اکتوبر تک مکمل کی جائے گی۔
جانچ پڑتال کے بعد کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 15 اکتوبر تک اپیلٹ ٹریبونل میں جمع کرائی جا سکیں گی، جن پر فیصلے 17 اکتوبر تک کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ امیدوار 20 اکتوبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب 30 اکتوبر 2025 کو منعقد کیا جائے گا۔