خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیےصوبے کے 28 بندوبستی اضلاع میں ہم نصابی مقابلوں کے انعقاد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی سطح پر سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں کے لیے بھی 10 کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کی بروقت فراہمی کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فنڈز تمام اضلاع میں مساوی طور پر تقسیم کئے جائیں گے، تاہم ضلع پشاور، مانسہرہ، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسکولوں کو سب سے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں میں مقابلے کا رجحان پیدا کرنا اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ یہ فنڈز نہ صرف ہم نصابی اور کھیلوں کے مواقع بڑھائیں گے بلکہ نوجوان نسل کی شخصیت سازی اور مثبت رجحانات کو بھی فروغ دیں گے۔