ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کرک پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے کارندے نے سرینڈر کر دیا Home / جرائم,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

کرک پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے کارندے نے سرینڈر کر دیا

سپر ایڈمن - 04/10/2025 264
کرک پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے کارندے نے سرینڈر کر دیا

ضلع کرک میں پولیس کی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک اہم کارندے نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ سرینڈر سماجی تنظیم خٹک اتحاد کے صدر مدثر ایوب کی وساطت سے عمل میں آیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق سرینڈر کرنے والا نوجوان مولانا زبیر سکنہ سیکوٹ شیخان ہے، جو کالعدم تنظیم میں “ساحل” کے نام سے جانا جاتا تھا۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شہباز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے دائرے میں واپس آنے والوں کے لیے ریاست کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی گمراہ عناصر ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں گے، ریاست ان کا خیرمقدم کرے گی۔

 

سماجی رہنما مدثر ایوب نے بتایا کہ یہ اقدام امن کی بحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق، مزید گمراہ نوجوان بھی جلد سرینڈر کریں گے اور خٹک اتحاد ان سب کو امن و قانون کے راستے پر واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں میں اب بھی کئی نوجوان پھنسے ہوئے ہیں جو نکلنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ پولیس سرینڈر کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرے گی تاکہ دیگر افراد بھی حوصلہ پکڑیں۔

 

سرینڈر کرنے والے نوجوان مولانا زبیر عرف ساحل نے اپنے بیان میں کہا کہ کالعدم تنظیمیں غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں اور ان کے مکروہ عزائم اسلام اور انسانیت دونوں کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب ملک میں امن کے قیام اور نوجوانوں کو گمراہی سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

 

پولیس حکام کے مطابق، یہ سرینڈر امن دشمن عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کو واپس قومی دھارے میں شامل ہونے کے تمام مواقع فراہم کر رہی ہے۔

تازہ ترین