ترجمان حکومت خیبر پختونخواا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف ایک جعلی وزیراعظم ہیں، اور فلسطین کے معاملے پر ان کے دستخط سے کیا جانے والا کوئی بھی سمجھوتہ غیر قانونی اور عوام کے نزدیک ناقابل قبول ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا منتخب وزیراعظم عمران خان ہیں، جنہیں "جعلی حکمرانوں" نے جھوٹے مقدمات میں قید کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فلسطین سے متعلق پالیسی وہی ہے جو بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تھی۔
ڈاکٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں اور فلسطین پر امریکی دباؤ میں کوئی سمجھوتہ عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم کے حالیہ اقدامات اور ٹرمپ کے 20 نکاتی ایجنڈے پر ممکنہ دستخط قوم کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے قوم کے احساسات کو ٹھیس پہنچائی ہے، انہیں چاہیے کہ ٹرمپ کے ٹویٹ کا خیرمقدم کرنے اور فلسطین پر خاموشی اختیار کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔
ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ایک جعلی وزیراعظم باہر جا کر قوم کی ترجمانی نہیں کر سکتا، اور موجودہ حکومت نے فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان قائداعظم کے ویژن پر قائم رہتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے اعلان کی تجدید کرے اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرے۔