ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلوٹیلا حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلوٹیلا حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے

سپر ایڈمن - 03/10/2025 125
قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر  میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلوٹیلا حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے

 جماعت اسلامی لنڈی کوتل کے زیر اہتمام غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت اور گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت دیگر رضاکاروں کی گرفتاری پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

 

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی تحصیل لنڈی کوتل کے امیر مراد حسین افریدی، زرشاہ شنواری، سید حکیم شنواری اور سید مقتدر شاہ افریدی نے کہا کہ اسرائیل کی بربریت ناقابلِ برداشت ہے اور عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

 

مراد حسین افریدی نے کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد خان نے فلوٹیلا میں شمولیت اختیار کر کے پاکستان اور پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر جاری جارحیت امریکی ایماء پر کی جا رہی ہے، جبکہ ٹرمپ کا 21 نکاتی غزہ پلان فلسطینی عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے، جسے مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔

 

انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سینیٹر مشتاق احمد خان اور دیگر پاکستانی رضاکاروں کی فوری رہائی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری ظلم پر حکومت پاکستان کی خاموشی باعثِ افسوس اور باعثِ شرم ہے۔

 

مقررین نے واضح کیا کہ پاکستان قائداعظم کے وژن کے مطابق اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ مراد حسین افریدی نے وزیراعظم کی حالیہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر بھی سخت تنقید کی۔

 

مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیل مخالف نعرے لگاتے رہے جبکہ سینیٹر مشتاق احمد خان کی رہائی کے مطالبات بھی کیے گئے۔ احتجاج میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

جماعت اسلامی کے مطابق صوبہ بھر میں اسی مناسبت سے احتجاجی مظاہر ے کئے گئے ہیں۔ 

تازہ ترین