ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
غزہ امدادی مشن میں شامل پاکستانی وفد کے سربراہ مشتا ق احمد خان گرفتار Home / بین الاقوامی,قومی /

غزہ امدادی مشن میں شامل پاکستانی وفد کے سربراہ مشتا ق احمد خان گرفتار

گلوبل صمود فلوٹیلا مشن پر اسرائیلی چڑھائی، سیکڑوں انسانی حقوق کارکن زیرِ حراست

سپر ایڈمن - 02/10/2025 308
غزہ امدادی مشن میں شامل پاکستانی وفد کے سربراہ مشتا ق احمد خان گرفتار

 اسرائیلی فورسز نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر پاکستانی وفد کی قیادت کرنے والے سابق سینیٹر مشتا ق احمد خان کو اس وقت گرفتار کرلیا جب اسرائیلی فوج نے جہاز پر چڑھائی کی۔

 

پاکستان فلسطین فورم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی کہ "سینیٹر مشتا ق احمد خان کو اسرائیل نے گرفتار کرلیا ہے۔" فورم کے مطابق صرف ایک مشاہداتی کشتی بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی جس کی ذمہ داری معلومات جمع کرنا اور محفوظ واپسی تھی۔ اس کشتی پر موجود پاکستانی وفد کے رکن سید ازیر نظامی نے سینیٹر مشتا ق احمد خان کے جہاز کو روکے جانے کی خبر دی۔

 

ترجمان گلوبل صمود فلوٹیلا کے مطابق، گرفتاریوں کے باوجود قافلے کے 30 جہاز مشن کی تکمیل کے لیے غزہ کی جانب رواں دواں ہیں، تاہم اسرائیلی افواج نے 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔ ترجمان سیف ابو کشیک نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے 13 کشتیوں کو سمندر میں روک لیا ہے۔

 

ادھر اسرائیل کی کارروائی کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ اٹلی، یونان، اسپین، برازیل، کولمبیا، اور ارجنٹینا سمیت کئی ممالک میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور دھرنے دیے۔ پاکستان میں بھی پاک-فلسطین فورم کی جانب سے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر دن دو بجے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کر کے ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ "فلوٹیلا کے کئی جہاز بحفاظت روک دیے گئے ہیں اور ان کے مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ پر منتقل کیا جا رہا ہے۔"

 

گلوبل صمود فلوٹیلا کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوجیوں نے جہازوں کو گھیر لیا اور ان پر سوار ہوکر کیمروں کو بھی بند کرنا شروع کر دیا۔ قبل ازیں منتظمین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اسرائیلی نیوی کسی بھی وقت قافلے کی درجنوں کشتیوں کو روک سکتی ہے۔

 

الجزیرہ کی براہِ راست نشریات میں دکھایا گیا کہ فلوٹیلا کے ایک جہاز ’الما‘ پر کارکنان لائف جیکٹس پہنے اسرائیلی مداخلت کا انتظار کر رہے ہیں۔ فلوٹیلا اسٹیئرنگ کمیٹی کی رکن یاسمین آقار نے تصدیق کی کہ "اسرائیلی بحری جہازوں نے الما کو گھیر لیا ہے، ہم اپنی پوزیشن سنبھال چکے ہیں اور روکے جانے کے لیے تیار ہیں۔"

تازہ ترین