ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور : اختلاف رائے ہی جمہوریت کا حسن ہے، سینیٹ چئیرمین یوسف رضا گیلانی Home / سیاست,عوام کی آواز /

پشاور : اختلاف رائے ہی جمہوریت کا حسن ہے، سینیٹ چئیرمین یوسف رضا گیلانی

سپر ایڈمن - 02/10/2025 158
پشاور : اختلاف رائے ہی جمہوریت کا حسن ہے، سینیٹ چئیرمین  یوسف رضا گیلانی

پشاور میں سینیٹ چئیرمین و قائم مقام صدر پاکستان یوسف رضا گیلانی نے گورنر کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے ہی جمہوریت کا حسن ہے اور وفاقی سطح پر تمام فیصلے آئین کے مطابق ہونے چاہییں۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق پورے ملک سے ہے، اس لیے وہ کسی ایک صوبے کی بجائے تمام صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق صوبوں کو ان کے مکمل حقوق ملنے چاہییں۔

 

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے معاہدے میں پاکستان کے تمام اتحادی شامل ہیں، جن میں انڈونیشیا، قطر، ترکی اور دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم فلسطین کے مسئلے پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔

 

قائم مقام صدر نے بتایا کہ کل پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی وفاق کی ذمہ داری ہے اور صوبوں کو اس معاملے میں وفاق کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

 

اپنے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے گوادرمیں بیٹھ کر ساتویں قومی مالیاتی ایوارڈ کا انعقاد کیا تھا۔ نئے صوبوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین میں جو کچھ موجود ہے، اسی پر عمل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیر اعظم انہوں نے جنوبی پنجاب کے لیے صوبائی اور سینیٹ سے قرارداد منظور کروائی، تاہم قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باعث یہ بل پاس نہ ہوسکا۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں 17ویں اور 18ویں ترمیم کے تحت پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا گیا اور صدر نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ ان کے بقول "یہاں چپڑاسی کسی کو اختیار نہیں دیتا، بلکہ آئین کے تحت اختیارات عوامی نمائندوں کو ملتے ہیں۔"

 

کالاباغ ڈیم کے حوالے سے سوال پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں ایسے بڑے فیصلے کئے جاتے ہیں اور تمام صوبوں کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔

تازہ ترین