ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
افغانستان میں انٹرنیٹ کی مسلسل بندش پر شدید پریشان ہے، افغان مسافروں کا شکوہ Home / بین الاقوامی,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

افغانستان میں انٹرنیٹ کی مسلسل بندش پر شدید پریشان ہے، افغان مسافروں کا شکوہ

سپر ایڈمن - 01/10/2025 150
افغانستان میں انٹرنیٹ کی مسلسل بندش پر شدید پریشان ہے، افغان مسافروں کا شکوہ

طورخم بارڈر پر افغانستان سے آنے والے مسافروں نے انٹرنیٹ کی مسلسل بندش پر شدید تشویش اور پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ کابل سے روانگی کے بعد سفر انتہائی مشکل ثابت ہوا کیونکہ نہ وہ اپنے گھر والوں اور عزیزوں سے رابطہ کر سکے اور نہ خود کسی کے ساتھ رابطے میں رہ پائے۔

 

انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ ہی وہ واحد ذریعہ تھا جس کے ذریعے لوگ اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور کاروباری شراکت داروں کے ساتھ جڑے رہتے تھے، مگر اس کی بندش نے پورے افغانستان کے عوام کو مایوسی اور دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔

 

مسافروں نے کہا کہ طالبان حکومت آنے کے بعد خواتین کی تعلیم پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی تھی اور اب انٹرنیٹ کی بندش نے طلبہ خصوصاً خواتین کو آن لائن کلاسز سے بھی محروم کر دیا ہے۔

 

کاروباری طبقے کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ منی ایکسچینجرز اور دیگر کاروباری افراد روزانہ کے لین دین کے لیے ڈالر، یورو اور دیگر کرنسیوں کے ریٹس پر انٹرنیٹ پر انحصار کرتے تھے، تاہم انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں جس سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اور ملک کی معاشی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

 

اسی طرح بیرون ملک مقیم افغان شہری جو اپنے خاندانوں اور عزیزوں سے انٹرنیٹ کے ذریعے رابطے میں رہتے تھے، وہ بھی رابطے منقطع ہونے سے شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔

 

مسافروں کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے مگر افغانستان الٹا زوال کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش نے عوام کو ایسا محسوس کروایا ہے جیسے وہ پتھر کے دور میں واپس پہنچ گئے ہوں جہاں تعلیم، کاروبار اور سماجی تعلقات سب متاثر ہو رہے ہیں۔

 

انہوں نے عالمی برادری اور افغان حکام سے اپیل کی ہے کہ افغانستان میں انٹرنیٹ سروس جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ عوام کی روزمرہ زندگی، تعلیم اور کاروباری سرگرمیاں معمول پر آ سکیں اور ملک ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن ہو سکے۔

تازہ ترین