خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 2 مطلوب دہشتگرد ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پولیس حکام نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک اہم کمانڈر قاری حسین فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
یہ واقعہ پیر کے روز برمل تحصیل کے ایک دور افتادہ علاقے میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔
ادھر لکی مروت کے علاقے وانڈا امیر میں پولیس اور مقامی مسلح افراد کی مشترکہ کارروائی میں ایک اور دہشتگرد مارا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی، جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ اس کی شناخت حکمت اللہ کے نام سے ہوئی، جو پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان کے مطابق کارروائی میں ایلیٹ فورس کے کمانڈوز بھی بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام مل کر دہشتگردی کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے تاکہ ضلع کو اس عفریت سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔